پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لائیں گے تو پکا کام کریں گے، فی الحال ایسا نہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ کوئی بیک ڈور ملاقاتیں یا مذاکرات نہیں ہو رہے، اگر مذاکرات ہو رہے ہوتے تو ہمارے ساتھ ایسا رویہ رکھا جاتا تھا؟ مذاکراتی نشست کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس کے پاس اختیار ہیں ان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے وضاحت کی ہے کہ قانون اور آئین کے اندر بات ہوگی۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات خراب ہیں، بھارت کے ساتھ کشیدگی ہے، ہم اپنی تمام چیزیں پیچھے رکھ کر پاکستان کو ترجیح دیتے ہیں۔
اسد قیصر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جی ڈی اے، بلوچستان اور کے پی کی پارٹیاں ہمارے ساتھ گرینڈ الائنس میں ہیں، مولانا صاحب اپنی سیاست کو دیکھ رہے ہیں، مولانا صاحب جیسے مناسب سمجھیں ویسے آگے بڑھیں، ملک کی خاطر ہم تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔