حکومت سندھ نے خواتین کو ای وی اسکوٹیز دینے کے لیے اگلے ماہ قرعہ اندازی کروانے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا جس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن نے بی آر ٹی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں خواتین کو ای وی اسکوٹیز دینے کےلیے اگلے ماہ قرعہ اندازی کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار خواتین کو ای وی اسکوٹیز دینے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن نے بریفننگ میں بتایا کہ جام صادق پل اس منصوبے کا اہم حصّہ ہے، منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، اس کی اصل تکمیل کی تاریخ ستمبر 2025ء تھی، ڈپو 1 اور 2 کی تعمیر بھی جاری ہے، کوشش ہے وقت سے پہلے مکمل ہو۔
اجلاس میں سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو نے ریڈ لائن بی آر ٹی کی پیش رفت پر بریفنگ میں بتایا کہ ڈپوز، اسٹیشنز اور بائیو گیس پلانٹ کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ای وی ٹیکسی اور اسکوٹیز روزگار اور خواتین کی سہولت اور ماحولیات کےلیے اہم ہیں، کوشش ہے جون 2025ء میں ای وی اسکوٹی کے ساتھ ای وی ٹیکسی پر بھی کام شروع کریں۔
اُنہوں نے بی آر ٹی منصوبے کے بارے میں کہا کہ متعلقہ ادارے ڈپو اور بائیو گیس پلانٹ کو جلد از جلد مکمل کریں، عوام جدید، محفوظ اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کے منتظر ہیں، منصوبوں کو وقت پر شفافیت سے مکمل کریں۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ جام صادق پل کی قبل از وقت تکمیل خوش آئند ہے، تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں کم از کم 500 نئی بسوں کی فوری اشد ضرورت ہے، حکومت سندھ عوام کو باوقار اور آسان سفری سہولیات دینے کے لیے سنجیدہ ہے، کوشش ہے کہ دیہی اور شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے مسائل ختم کیے جا سکیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ گرین لائن منصوبے کا انتظام سنبھالنے کے بعد کارکردگی میں بہتری آئی ہے، شہری اب پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دے رہے ہیں جوکہ ہمارے لیےحوصلہ افزا ہے۔