پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) بلال ثاقب نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے عالمی لیڈرز پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہيں، بڑی کمپنیز پاکستان آنا چاہتی ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلال ثاقب نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کا مستقبل بنا رہے ہيں، ڈیجیٹل کی دنیا میں خاص طور پر کرپٹو کو لے کر ہم اپنے ہمسائے ملک کی نسبت زيادہ تیزی سے ترقی کر رہے ہيں۔
اس سے قبل آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے ملاقات کی تھی، جس میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو معاشی استحکام اور عالمی اہمیت حاصل کرنے کے ایک ذریعہ کے طور پر اپنانے پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں بلال بن ثاقب نے پاکستان کرپٹو کونسل کی پیش رفت پر اہم اپڈیٹس شیئر کی اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد اور بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کا دورہ اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق آگاہ کیا۔
پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او نے ایک مستقبل بین روڈ میپ بھی پیش کیا جس کا مقصد پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل مالیاتی ماحولیاتی نظام میں جدت کو تیز کرنا اور وسیع پیمانے پر مواقع فراہم کرنا ہے۔
بلال بن ثاقب نے کہا پاکستان کرپٹو کونسل اس لیے ہے کیونکہ ہمارے نوجوان عالمی ٹیکنالوجی کے منظرنامے میں اپنی جگہ کا مطالبہ کرتے ہیں، نوجوان نسل ڈیجیٹل فنانس، ڈی سینٹرلائزیشن، اور مصنوعی ذہانت کو خطرہ نہیں بلکہ جدت اور قوم کو ترقی دینے کے مواقع کے طور پر دیکھتی ہے۔