چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پی ایس ایل 10 کے شاندار اختتام پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب دشمن کے حملے کے بعد پی ایس ایل کا دوبارہ آغاز بہت بڑا چیلنج تھا۔
ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ایونٹ کے کامیاب اختتام پر سب سے پہلے اللّٰہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں، پی سی بی و پی ایس ایل ٹیم کا دن رات محنت پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ پاک آرمی، ایئر فورس اور نیوی کی جرات اور بہادری کو یادگار خراج تحسین پیش کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ تینوں فورسز کی طرف سے بھرپور حوصلہ افزائی پر خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے پر ایئرچیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 10 کا کامیابی سے انعقاد پُرامن پاکستان کی جیت ہے، پی ایس ایل 10 میں شائقین کرکٹ کے نظم و ضبط اور جوش و خروش کا کوئی جوڑ نہ تھا۔