راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ڈویژن میں ای سٹیمپنگ کے منصوبہ کے آغاز کے بعد باقی 8ڈویژن میں بھی ای سٹیمپنگ (آن لائن اسٹامپ فروشی) کے منصوبہ کے نفاذ کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے‘ جس کیلئے متعلقہ اضلاع کی حکومتوں کی رہنمائی کیلئے گائیڈ لائن دی گئی ہے۔ بورڈ آف ریونیو کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں یکم اگست، راولپنڈی اور بہاولپور ڈویژن میں یکم ستمبر، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں یکم اکتوبر‘ ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں یکم نومبر سے ای سٹیمپنگ منصوبہ شروع ہو گا۔ واضح رہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے ضلع گوجرانوالہ میں ای سٹیمپنگ کا منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 26مئی2016ء سے چل رہا ہے جبکہ رواں ماہ سے اس کا دائرہ کار گوجرانوالہ ڈویژن کے باقی ضلعوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کے ممبر ٹیکسز کی طرف سے جاری مراسلہ میں تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو کہا گیا ہے کہ وہ معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں اور تمام سب رجسٹرار اور فوکل پرسنز کو ہدایت کریں کہ وہ ایویلوایشن ٹیبل (ڈی سی ریٹ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی بی آئی ٹی) کے منظور شدہ فارمیٹ میں بھجوائیں اور ای سٹیمپنگ کو بروقت شروع کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ ڈی سی اوز کیلئے جاری گائیڈ لائن میں کہا گیاہے کہ کیپٹل ویلیو ٹیکس (سی وی ٹی) جن علاقوں تک بڑھایا گیا ہے اسکی تفصیل بھی پی آئی ٹی بی فارمیٹ میں فراہم کی جائے۔ منصوبہ کی لانچنگ سے قبل آن لائن چالان اے 32کے اجراء کیلئے کمپیوٹر سنٹر، سب رجسٹرار، ضلع کچہری میں عوام کی سہولت کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں۔ اسٹامپ فروشوں، ہائوسنگ سوسائٹیوں کے نمائندوں، رجسٹری نویس اور دیگر متعلقہ افراد کی آگاہی کیلئے سیمینارز کرائے جائیں۔ منصوبہ کے آغاز سے قبل پنجاب بورڈ آف ریونیو کو ایک ماہ میں قابل استعمال ای سٹیمپ کی تعداد بینک آف پنجاب کی برانچ اور سب رجسٹرار کے مطابق آگاہ کیا جائے۔ منصوبہ کی پبلسٹی کیلئے بینرز، پمفلٹس اور کیبل پر تشہیری مہم کیلئے انتظامات کئے جائیں۔ تشہیری مواد پی آئی ٹی بی فراہم کریگا۔ سب رجسٹرارز، رجسٹری محررز اور ہائوسنگ سوسائٹیوں کے نمائندوں کی پی آئی ٹی بی کے ساتھ تربیت کیلئے انتظامات کریں۔