فرانسیسی فوج نے پاک بھارت لڑائی میں جدید لڑاکا طیارے رافیل کی تباہی سے متعلق خبروں پر پہلی بار ردعمل دیا ہے۔
فرانسیسی فوج کے ترجمان نے پیرس میں پریس بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال پر جواب دیا کہ رافیل کی کارکردگی کے حوالے سے فرانس صورتِ حال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے شراکت دار بھارت سے براہِ راست معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے، فرانس اس لڑائی کے تجربے سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کا خواہاں ہے۔
فرانسیسی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اگر رافیل کے مار گرائے جانے کی رپورٹس درست ہیں تو یہ اس جہاز کی 2 دہائیوں کی آپریشنل سروس کا پہلا واقعہ ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ تاحال پاکستان اور بھارت لڑائی میں رافیل کی تباہی کے واقعے کی تفصیلات غیر یقینی ہیں اور بہت سے پہلو تصدیق طلب ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 7 مئی کو بھارت کے حارجیت پر ردِعمل دیا اور 7 طیارے مار گرائے تھے جن میں 3 سے 4 رافیل شامل ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل جیسے جدید لڑاکا طیارے کی تباہی کو بھارت کی ذلت آمیز شکست قرار دے چکے ہیں۔
عسکری ماہرین بھی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان نے پہلی بار رافیل جیسے جدید طیاروں کو گرا کر بھارت پر اپنی فضائی برتری ثابت کر دی ہے۔