• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا،ملتان میں مظاہرین اور پولیس میں ہاتھا پائی

ملتان (آئی این پی‘نمائندگان) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا،جس پر عوام سراپا احتجاج ہیں ،ملتان میں مظاہرین اور پولیس میں ہاتھا پائی ہوئی،بدھلہ سنت میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16گھنٹے تک پہنچ گیا،وہاڑی کے تاجر بھی سراپا احتجاج ہیں،تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے صدیق اکبر کالونی کے مکینوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے میپکو انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور روڈ بلاک کردیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے راتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔دوسری طرف خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہیں  کیا جا رہا۔ حکومت وعدے کے مطابق توانائی بحران حل کرے۔ اس موقع پر پولیس نے احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی جس پر مظاہرین اور پولیس میں ہاتھا پائی ہوگئی۔بعد ازاں  پولیس نے مظاہرین کو زبردستی منتشر کر دیا۔اس موقع پراحتجاج کی کوریج کرنے پر پولیس نے میڈیا کو روکا جس پر میڈیا کے نمائندوںنے احتجاج کیا۔وہاڑی شہر اور گردو نو اح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے سے کا روبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، لو ہا مارکیٹ ، ٹمبر مارکیٹ اور گرین مارکیٹ کے دکا نداروں محمد عباس ، احمد شاہ ، فہیم اقبال ، مرسلین ، کاشف ، محمد ساجد ،مبشر حسین ، صادق ودیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کا روبارتباہ ہو کر رہ گئے ہیں، تاجروں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔بدھلہ سنت اور اسکے نواحی علاقے کوٹھے والا،9ٹی،7ٹی ،آڑے والی بستی و دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جسکی وجہ سےعوام کو شدید پریشانی  کا سامناہے، شہریوں ،تاجروں ملک داؤد،احتشام خلیل ،نصیر احمد،محمد کامران،محمد اختر،محمد ارشد چوہدری،راشد علی،تسلیم احمد،محمد خالد ،محمد بشیر چوہدری و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرنے اور  بجلی کی بندش کے دورانیہ میں کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔سکندرآباداور شجاع آبا میں  بدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جس پر شہری اور تاجربرادری  سراپا احتجاج ہے،  شہریوں نےحکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔ 
تازہ ترین