• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خبریں چل پڑی ہیں کہ بانی 5 جون کو رہا ہو رہے ہیں: علیمہ خان

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ جب سے احتجاج کی کال دی ہے ہر طرف خبریں چل پڑی ہیں بانی پی ٹی آئی 5 جون کو رہا ہو رہے ہیں۔ کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں القادر کیس کی اہم تاریخ ہے، اگر کل یہ کیس نہیں سنا گیا تو یہ ستمبر تک چلا جائے گا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ میں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بات چیت ہمیشہ کچھ لو کچھ دو پر ہوتی ہے، ٹیبل پر بیٹھنے کےلیے لوگ لچک دکھانے کا کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے والے کیا چاہتے ہیں کہ عمران خان سب ترک کردیں؟ بانی پی ٹی آئی سے کہا جارہا ہے حکومت کو قبول کریں اور 9 مئی پر معافی مانگیں۔

ان کا کہنا ہے جب بھی کال آتی ہے بانی کی رہائی کی باتیں بھی شروع ہوتی ہیں، عمران خان نے کہا ہے عمر ایوب تحریک کی ساری ذمہ داری سمبھالیں گے، سلمان اکرم راجا پارٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کروائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں القادر کیس کی اہم تاریخ ہے، اگر کل یہ کیس نہیں سنا گیا تو یہ ستمبر تک چلا جائے گا، لوگ پلاننگ کرتے ہیں اللّٰہ کے پلان کے آگے انسانوں کا کوئی پلان نہیں چلتا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔

علیمہ خان اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، عدالت نے علیمہ خان کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔

علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر سماعت 13 جون تک ملتوی کردی گئی۔

قومی خبریں سے مزید