بھارتی حکام اور ٹیلی ویژن چینلز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی خبر پر تبصرے سے گریزاں ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومتی دباؤ میں آکر فیک نیوز پھیلانا نہ صرف خود میڈیا کو بلکہ ملک کے امیج اور خارجہ پالیسی کو کس طرح تباہ کرتا ہے، بھارتی میڈیا اس کی بہترین مثال بن گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا پر جھوٹ پر مبنی گمراہ کُن خبروں کا راج رہا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارتی میڈیا نے 9 مئی کو پاکستان میں فوجی بغاوت اور آرمی چیف کی گرفتاری کی جھوٹی خبر انتہائی زور و شور سے چلائی۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایک بھارتی صحافی کو سرکاری نشریاتی ادارے سے واٹس ایپ پر ملی تھی، منٹوں میں یہ خبر پورے بھارتی میڈیا کی بریکنگ نیوز بن گئی حالانکہ یہ خبر مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی تھی۔
بھارت کی سابق خارجہ سیکرٹری نروپما راؤ کے مطابق بھارتی حکومت کا واضح موقف سامنے نہ آنے پر بھارتی ٹی وی چینلز نے غیر معمولی فتح کے جشن کا سہارا لیا۔
ایک سابق بھارتی نیوی ایڈمرل نے کہا کہ فیک نیوز پھیلانے کی وجہ سے بھارت اطلاعات کی جنگ ہار گیا۔
بھارتی ٹی وی چینلز اور بھارتی حکام نے واشنگٹن پوسٹ کی خبر پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔