• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو سہولتیں مجھے نہیں ملیں وہ موجودہ کھلاڑیوں کو دینا چاہتا ہوں: اعصام الحق

اعصام الحق قریشی — فائل فوٹو
اعصام الحق قریشی — فائل فوٹو

صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی کا کہنا ہے کہ جو سہولتیں اپنے کیریئر میں حاصل نہیں کرسکا، انہیں موجودہ کھلاڑیوں کو دینا چاہتا ہوں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا ہے، پاکستان ٹینس کمپلیکس میں جم، واش رومز، کیفے، خواتین کھلاڑیوں کے لیے الگ رہائش تعمیر کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹینس کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کروائی ہے، 2 کروڑ روپے سے زائد انعامی رقم پاکستانی کھلاڑیوں نے گزشتہ ایک سال میں جیتی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوچز کو مدعو کرکے جونئیر اور سینیئر کھلاڑیوں کے کیمپس حال ہی میں منعقد کروائے، جونییر ٹینس کھلاڑیوں کو بیرونِ ملک بھیجنا ترجیحات میں شامل ہیں۔ 

اعصام الحق کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن مختلف شہروں میں ٹیلنٹ ہنٹ اور ٹورنامنٹس منعقد کروا رہی ہے، پاکستان ٹینس فیڈریشن اور کھلاڑیوں کو اسپانسرز دلوانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے رابطہ کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی سے سیکھنا چاہیے، کرکٹ کو سب مل رہا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ مارکٹنگ کے لیے محنت بھی کرتا ہے، کھیلوں کی فیڈریشنز کو کمرشلائز ہونے کی آزادی نہیں، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، برانڈز کو اسٹیڈیمز، کورٹس میں اشتہارات لگانے کی اجازت دینی چاہیے جس سے پیسہ آئے گا۔

صدر پی ٹی ایف نے مزید کہا کہ بھارتی ٹینس ٹیم کو ڈیوس کپ کے لیے پاکستان لانا کامیابی تھی، انڈر 12 ٹورنامنٹ بھی پاکستان میں ہونا تھا جو حالت جنگ کے باعث سری لنکا شفٹ ہوگیا۔ آئندہ سال انڈر 12 کا ٹورنامنٹ پاکستان میں ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امن پسند ہوں، ہمیشہ سیاست کو کھیل سے دور رکھنے پر یقین رکھتا ہوں،  پاکستان اور بھارت کا ٹینس میں سلسلہ چلتے رہنا چاہیے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید