پاکستان ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا، سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 0-3 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف سیمی فائنل 25-16، 25-19 اور 25-12 سے جیتا۔
سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم مکمل طور پر بھارت پر حاوی رہی۔
پاکستان کی جانب سے محمد جنید، فیضان اللّٰہ اور محمد عرفان نے نمایاں پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
محمد جنید نے 11 اٹیک پوائنٹس سمیت 19 پوائنٹس لیے، فیضان نے 12 پوائنٹس بنائے، طلحہٰ مہر اور عرفان نے 7، 7 پوائنٹس بنائے۔
پاکستانی ٹیم اٹیک، بلاک اور سرو پوائنٹس میں بھارت پر حاوی رہی، پاکستان نے بھارت کے 25 کے مقابلے میں 37 اٹیک پوائنٹس حاصل کیے۔
بھارت 4 بلاک پوائنٹس لے سکا، پاکستان کے بلاک پوائنٹس 13 رہے، سروس پوائنٹس میں بھی پاکستان کو 5-4 کی برتری رہی۔
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل ایران سے ہو گا، پاکستان کراس اوور راؤنڈ میں ایران کو شکست دے چکا ہے۔