اسپین نے اسرائیلی میزائیلوں کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کردیا۔
ہسپانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسپین نے اسرائیلی دفاعی کمپنی رافیل سے 168 فائرنگ پوسٹس اور ایک ہزار 680 اینٹی ٹینک میزائل خریدنے کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔
رپورٹ میں نامعلوم سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس معاہدے کی مالیت 287.5 ملین یوروز یعنی327 ملین ڈالرز تھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ سامان رافیل کمپنی کے لائسنس کے تحت اسپین میں تیار کیا جانا تھا۔
ہسپانوی وزارت دفاع کے ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت نے اسرائیل کے لائسنس منسوخ کرنا شروع کردیے اور زیادہ سے زیادہ تکنیکی آزادی اور خود مختاری حاصل کرنے کے مقصد سے اپنے پروکیورمنٹ پروگرامز کو ری ڈائریکٹ کرنے کےلیے کام کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر تنقید اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کر کے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت کو گزشتہ سال مشتعل کر دیا تھا۔
علاوہ ازیں اپریل کے آخر میں اسپین نے ایک اور اسرائیلی کمپنی آئی ایم آئی سسٹمز سے بلٹس خریدنے کا معاہدہ بھی منسوخ کر دیا تھا۔