• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید الاضحیٰ پر غصے، انا اور تکبر کی قربانی بھی دینی چاہیے: مریم نواز

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دن اپنے غصے، انا اور تکبر کی قربانی بھی دینی چاہیے۔

مریم نواز نے امت مسلمہ اور پاکستانیوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ پر دل کی گہرائیوں سے اللّٰہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر بجالاتے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد عیدالاضحیٰ کی خوشیاں بھی نصیب کیں۔

انہوں نے کہا کہ عید پر بھارتی حملوں کے دوران جان کی قربانی پیش کرنے والوں کو کیسے بھول سکتے ہیں؟ دہشت گردی کا شکار ہونے والے معصوم بچوں، غزہ میں شہید بچوں اور خواتین اور پنجاب میں کچے گھروں کے باسیوں کو کیسے بھول سکتے ہیں؟ 

ان کا کہنا ہے کہ ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے بچوں کا تصور کر کے عید کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں، غریب اور نادار لوگوں کو خوشیوں میں شامل کرنا ایثار و قربانی کا تقاضا ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں سب سے بڑا صفائی آپریشن زور و شور سےجاری ہے، ستھرا پنجاب کے ایک لاکھ 30 ہزار ورکرز صفائی آپریشن میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 30 ارب روپے مالیت کی مشینری صفائی مہم میں استعمال ہورہی ہے، تمام اضلاع کی نگرانی کنٹرول رومز اور سیف سٹی کیمروں سے کی جا رہی ہے، صفائی آپریشن کی قیادت وزیر بلدیات ذیشان رفیق کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید