• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارک زکربرگ کا نیا مشن، سپر انٹیلیجنس کیلئے ٹیم بنانے کا فیصلہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

مارک زکربرگ نے سپر انٹیلیجنس کی تیاری کے لیے خصوصی ٹیم قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (Meta) کے سی ای او مارک زکربرگ نے مصنوعی ذہانت (AI) کے میدان میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ایک نئی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد سپر انٹیلیجنس کی تخلیق ہے، ایسی مشینیں جو انسان کی ذہنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کام انجام دے سکیں۔

یہ انکشاف ایک معروف عالمی جریدے بلومبرگ کی تازہ رپورٹ میں کیا گیا ہے، جس کے مطابق زکربرگ میٹا کی AI ٹیم کی سست رفتاری سے مایوس ہو کر اب خود ذاتی طور پر اس مشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق مارک زکربرگ نے حالیہ ہفتوں میں AI ماہرین سے ذاتی طور پر ملاقاتیں کیں، زکربرگ اب تقریباً 50 افراد پر مشتمل ایک نئی ٹیم کی بھرتی کر رہے ہیں، جنہیں مینلو پارک میں واقع میٹا کے دفتر کے قریب تعینات کیا جائے گا۔

میٹا کی جانب سے حالیہ لانچ کردہ AI ماڈل LLaMA 4 کی کارکردگی سے زکربرگ خاصے مایوس دکھائی دے رہے ہیں، ان کے مطابق یہ ماڈل OpenAI اور دیگر حریف کمپنیوں کی رفتار کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا ہے، اس لیے وہ اس نئی ٹیم کے ذریعے ایک ایسا نظام تیار کرنا چاہتے ہیں جو AI کی دنیا میں گیم چینجر ثابت ہو۔

مصنوعی ذہانت کی یہ قسم ناصرف انسان جیسا سوچنے، سیکھنے اور فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھے گی، بلکہ اس سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ بھی کرے گی، فی الوقت ماہرین کے مطابق AI کا Artificial General Intelligence (AGI) تک پہنچنا ہی ایک چیلنج ہے اور سپر انٹیلیجنس اس سے بھی ایک قدم آگے کی منزل ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید