• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کو بھارت کو مذاکرات کیلئے کان سے پکڑ کر بھی لانا پڑا تو وہ لائیں گے: بلاول بھٹو زرداری

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کے پارلیمانی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا کو بھارت کو مذاکرات کے لیے کان سے پکڑ کر بھی لانا پڑا تو وہ لائیں گے۔

پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو نے وفد میں شامل ارکان کے ساتھ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو میدان جنگ اور سفارتی محاذ پر شکست دینے کے بعد بھی مذاکرات کی بات کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشتگردوں کو پیسے دے کر اپنے ہاں دہشتگردی کروائی ہے، بھارت دہشت گردوں کی فنڈنگ کر کے پاکستان میں کارروائیاں کرواتا ہے، پاکستان پر بھارت نے الزام لگائے تو دنیا بھارت کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، بھارت قانونی طور پر سندھ طاس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا، پاکستان کا مؤقف واضح ہے پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دھمکی دینا بھی یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے، پوری دنیا کو معلوم ہے کہ بھارت نے سکھ کارکنوں کو قتل کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ہو سکتا ہے، بھارت بھی جانتا ہے کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی وزیر خارجہ صرف جنگ کی باتیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کہتا کچھ ہے کرتا کچھ ہے، بھارت سکھوں کے خلاف منظم مہم چلا رہا ہے، اسی بھارتی رویے کے سبب پاکستان پر اس کے الزمات کو دنیا نے کوئی اہمیت نہیں دی، بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بیرون ملک دہشت گردی ختم کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی، کشمیر اور پانی سمیت ہر مسئلہ بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے، بھارت کا مؤقف جھوٹ پر مبنی ہے، پاکستان کا مؤقف امن کا پیغام ہے، جنگ نے بتا دیا پاکستان چھوٹا ملک ہونے کے باوجود ہر میدان میں بھارت کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے، فتح کے بعد عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ دینا ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی محکمۂ خارجہ کے کل کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں، بھارت کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، بھارتی بیانات صدر ٹرمپ کی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں، پاکستان نے بارہا دہشت گردی کے ثبوت مانگے لیکن بھارت کوئی شواہد نہ دے سکا، ٹرمپ نے کئی بار واضح کیا ہے کہ کشمیر پر مذاکرات ہونے چاہئیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا ہمارے دورے کے دوران فعال نظر آیا، جنگ میں بھی پاکستانی میڈیا کا کردار مثبت تھا۔

قومی خبریں سے مزید