• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے شنکر کی پاکستان پر نئے حملے کی دھمکی عالمی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی کوشش ہے: علی رضا سید

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید—فائل فوٹو
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید—فائل فوٹو

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا کر اور پاکستان پر نیا حملہ کرنے کی دھمکی دے کر عالمی توجہ کو مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی مذموم کوشش کی ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے برسلز میں ’پولیٹیکو‘ کو دیے گئے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر پر حالیہ حملے اور نئی جارحیت کی دھمکی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

علی رضا سید نے زور دے کر کہا کہ اصل مسئلہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور دہائیوں سے التواء میں پڑا ہوا کشمیر کا تنازع ہے۔

پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کے بارے میں اپنا پرانا راگ الاپ رہا ہے، جس کی کوئی حقیقت نہیں، اصل موضوع کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر اور بھارتی ریاستی دہشت گردی ہے اور بھارت کی طرف سے کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے سے انکار ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین کوئی دو طرفہ معاملہ یا علاقائی تنازع نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے، دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت نے کشمیری عوام سے حقِ خودارادیت کا وعدہ کیا تھا، جو آج تک پورا نہیں کیا گیا، اس مسئلے پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدے کو پورا کرے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔

علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کئی سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو جبراً نظربند یا قید کیا گیا ہے، جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور ان میں سے بھی متعدد زیرِ حراست ہیں، بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں اور ماورائے عدالت قتل روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔

علی رضا سید نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے جھوٹ بول رہا ہے، اگر یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی ادارے سچ جاننا چاہتے ہیں تو انہیں مقبوضہ کشمیر میں اپنی تحقیقی ٹیمیں بھیجنی چاہئیں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو کشمیر تک غیر مشروط رسائی دی جانی چاہیے، کشمیری عوام کا مؤقف حق اور سچ ہے اور ان کی جدوجہد یقیناً کامیاب ہو گی۔

بھارت کی جانب سے نئی جنگی دھمکیوں کے حوالے سے علی رضا سید نے خبردار کیا کہ بھارت کو نئی جنگ کے بارے میں دھمکی سے باز آنا چاہیے، کیونکہ اگر ایک بار پھر تصادم ہوا تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر فی الوقت یورپ کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے برسلز میں یورپی یونین کی اعلیٰ سفارتی نمائندہ برائے خارجہ امور کاجا کلاس سے ملاقات کی ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے زور دے کر کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ پاکستان سے مذاکرات کرے اور کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا مستقل حل تلاش کرے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید