• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: بیرون ملک آباد پاکستانی اپنے وطن کا قیمتی سرمایہ ہیں، ہائی کمشنر ٹیپو عثمان

برطانیہ میں متعین پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا ہے کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اپنے وطن کا قیمتی سرمایہ اور سفیر ہیں، وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں جس طرح اپنی محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں اس سے پاکستان کا تشخص ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں  بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ہائی کمشنر نے اوورسیز پاکستانیوں کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد حاصل ہوا اور یہی داستان ہم نے اپنی نئی نسل کو منتقل کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کی ترقی کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ان کی اس کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے شاہ برطانیہ چارلس سوئم سے اپنی حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا یہ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور انہوں نے پاکستان کی ترقی خوشحالی اور برطانیہ کے ساتھ بہتر تعلقات کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

شاہ چارلس نے خاص کر پاکستان کے رسیلے پھلوں کے حوالے سے کہا کہ وہ پاکستان کے آم پسند کرتے ہیں اور آموں کے سیزن کا انہیں انتظار رہتا ہے۔ شاہ برطانیہ نے پاکستان کے وزیر اعظم کی امن کوششوں کو سراہا۔ 

 انہوں نے قونصل جنرل مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے از خود برطانیہ کے تمام قونصل خانوں کو صبح آٹھ سے شام چار بجے تک پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے اپنے خطاب میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے قبل وہ فارن سروس آف پاکستان کے سینئر سفارتکار اور اسلام آباد میں چیف آف اسٹیٹ کے طور پر خدمات انجام کے علاوہ ریاض میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن، اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارتی مشن نیو یارک میں قونصل کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کے دورہ مانچسٹر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے تجربے، سرمائے اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کی حکومت کو چاہیے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے اپنے وطن کیلئے کی جانے والی کوششوں کاوشوں پر بھرپور توجہ دے۔

اوورسیز پاکستان کیشن پنجاب کے وائس چیرمین اور صوبائی وزیر بیرسٹر امجد ملک نے ٹیپو عثمان کی برطانیہ میں بحیثیت ہائی کمشنر تعیناتی کو پاکستانی کمیونٹی کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

 تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں اور تحریک آزادی کشمیر در اصل تکمیل پاکستان ہے جس کیلئے ہماری تحریک نے جدوجہد جاری رکھے ہوئی ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر انشاءاللہ جلد ہی آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ 

ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے اراکین پارلیمنٹ افضل خان، لارڈ واجد خان، مانچسٹر کے لارڈ مئیر شوکت علی، تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیرمین راجہ نجابت حسین، نیلسن پینڈل کے مئیر ندیم احمد اور دیگر سیاسی وسماجی اور کاروباری شخصیات کو کمیونٹی کیلئے خدمات پر ایوارڈ سے بھی نوازا۔

اس سے قبل معروف مذہبی رہنما یونس پرواز نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی، جبکہ معروف گلوکار عبداللہ نے پاکستان کے ملی نغمے پیش کرکے شرکاء کے دل موہ لیے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید