• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوسلو: حنا ربانی کھر کی ناروے کے وزیر خارجہ سے ملاقات

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

پاکستانی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اوسلو میں وزارتِ خارجہ کے دفتر میں ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ آئڈ سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے تعلقات، علاقائی سلامتی اور بدلتے ہوئے عالمی جغرافیائی سیاسی منظرنامے پر تعمیری اور وسیع البنیاد تبادلہ خیال کا موقع ملا۔ 

دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، بشمول علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر گفتگو کی اور عصری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔ 

انہوں نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ناروے میں پاکستان کے سفیر، عاصم علی خان بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

پاکستان اور ناروے کے درمیان خوشگوار اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد باہمی احترام، افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر ہے۔ 

دونوں ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں، بین الاقوامی قانون کی پاسداری، تنازعات کے پُرامن حل اور کثیر الجہتی تعاون کو اہمیت دیتے ہیں۔ 

یہ ملاقات اس مثبت تعلق کو مزید آگے بڑھانے، سیاسی روابط کو گہرا کرنے اور دونوں ممالک اور ان کے عوام کے باہمی فائدے کے لیے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کی مشترکہ خواہش کی عکاس تھی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید