• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں فوجی آپریشن کے دوران 2 یرغمالیوں کی لاشیں برآمد

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

اسرائیل نے غزہ میں فوجی آپریشن کے دوران 2 یرغمالیوں کی لاشیں برآمد کر لیں۔

اس ہفتے اسرائیلی فوج کو غزہ میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران حماس کے زیر حراست 2 یرغمال افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں کی گئی حالیہ فوجی کارروائی میں یائر یعقوب کی لاش برآمد ہوئی ہے، جبکہ ایک دوسرے مغوی کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ دونوں افراد 7 اکتوبر 2023ء کو کیے گئے حملے کے دوران نیر اوز کے علاقے سے اغوا کیے گئے تھے، تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے اس کارروائی کی تفصیلات پر کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل، امریکی نژاد اسرائیلی جوڑے کی لاشیں بھی برآمد کی گئی تھیں، جنہیں شدید زخمی حالت میں حماس نے یرغمال بنایا تھا، تاہم وہ چند ہفتوں بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ان کی تدفین سے محض دو دن بعد ایک تھائی باشندے کی لاش بھی غزہ سے ملی، جسے اسی حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔

گزشتہ 7 دنوں میں 5 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیلی فوج کو واپس مل چکی ہیں۔

اس وقت بھی غزہ میں موجود 56 یرغمالیوں میں سے 33 کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ باقی 20 کے زندہ ہونے کی امید اب بھی باقی ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید