پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ توقع ہے یورپی یونین بھارت پر زور دے گی کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے ماورائے قانون اقدامات نہ کرے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد نے یورپین پارلیمنٹ میں بین الاقوامی تجارتی کمیٹی کی سربراہ برنڈ لانگے سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دو طرفہ تجارت سمیت علاقائی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وفد نے حالیہ بھارتی جارحیت اور خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی۔
پاکستانی وفد نے بتایا کہ ہم امن کے خواہاں اور کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے کے حامی ہیں۔
اس دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ توقع ہے یورپی یونین بھارت پر زور دے گی کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے ماورائے قانون اقدامات نہ کرے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا ناصرف بین الاقوامی قوانین بلکہ بین الریاستی اخلاقیات اور معاہدوں کے اصولوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔