• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حملہ کرنے پر امریکا و اسرائیل کو سرپرائز ملے گا، ایرانی حکام

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران پر حملہ کرنے پر امریکا اور اسرائیل کو سرپرائز ملے گا۔

ایرانی حکام نے یہ بات سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں کہی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دوست خلیجی ملک نے ایران کو اسرائیلی حملے کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے کے خدشے کے پیشِ نظر ایران ہائی الرٹ ہے، حملے کے جواب میں تمام تر تیاریاں کر لی گئی ہیں۔

ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی ری پوزیشننگ دفاعی نوعیت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔

امریکی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ امریکی حکام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل ایران پر حملے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اسرائیل نے ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع امریکا کو دے دی ہے۔

امریکی میڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر فوری ردِعمل کے طور پر عراق میں امریکی سائٹس پر حملہ کر سکتا ہے۔

صورتِ حال کے پیشِ نظر امریکا نے عراق میں امریکی سفارت خانہ جزوی طور پر خالی کروانے کے حوالے سے احکامات جاری کیے ہیں۔

دوسری جانب امریکی محکمۂ خارجہ اور محکمۂ دفاع نے فوجی خاندان کے اہلِ خانہ کو رضاکارانہ طور پر مشرق وسطیٰ چھوڑ نے کا اختیار دیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ عراق، بحرین، کویت، عراقی کردستان کے شہر اربیل سے اضافی سفارتی عملے کو بلایا جا رہا ہے۔

امریکی وزیرِدفاع نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اہلکاروں کے اہلِ خانہ کو امریکا واپسی کی اجازت دے دی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید