ایران نے اسرائیلی حملوں میں شہید فوجی عہدیداروں اور ایٹمی سائنسدانوں کے نام جاری کر دیے۔
تہران سے ایرانی میڈیا کے مطابق شہید فوجی عہدیداروں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، پاسداران کے سابق سربراہ محمد حسین افشردی عُرف محمد باقری، پاسداران انقلاب فضائی فورس کے سربراہ حاجی زادہ، پاسداران انقلاب خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے سربراہ غلام علی رشید شامل ہیں۔
ایرانی جوہری توانائی پروگرام سے وابستہ شہید سائنسدانوں میں احمد رضا ذوالفقاری دریانی، فریدون عباسی، محمد مہدی تہرانچی، عبدالحمید مینوچھر اور امیر حسین فقہی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آج اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا، اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور عسکری و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی حملوں میں 3 اعلیٰ ترین عسکری حکام اور 6 سائنسدان شہید ہو گئے۔
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں 78 افراد شہید اور 329 زخمی ہوئے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے، صہیونی ریاست نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی ظالمانہ فطرت کو پہلے سے زیادہ بے نقاب کر دیا ہے۔