اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیارے تہران میں اہداف پر حملے دوبارہ شروع کرنے کےلیے تیار ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران کے خلاف مزید حملے آئندہ گھنٹوں میں متوقع ہیں، یہ حملے ایران کی جانب سے جاری خطرات کے ردعمل میں کیے جا رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج آپریشنل منصوبوں کے مطابق پیش قدمی کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے جمعے کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور عسکری و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملوں میں 6 سائنسدانوں سمیت 78 افراد شہید ہوئے۔
ایران کی جانب سے جوابی کارروائی شروع کی گئی اور اسرائیل پر 150 سے 200 سے بیلسٹک میزائل داغے گئے۔
پہلے حملے میں 100 اور دوسرے وار میں 50 میزائل داغے گئے جبکہ تیسرے حملے میں بھی تقریباً 50 میزائل داغے گئے۔
اسرائیل کا دارالحکومت تل ابیب دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام نے امریکا کی مدد سے کئی ایرانی میزائل فضا میں تباہ کیے مگر کئی ایرانی میزائل تل ابیب میں مختلف اہداف پر گرے۔
جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں سے ایک اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت پر بھی شامل ہے۔
ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 3‘ کا نام دیا ہے۔