امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے زیر انتظام شہروں میں ملک بدری کارروائیاں بڑھانے کی ہدایت کردی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حکام کو لاس اینجلس، شکاگو اور نیویارک میں غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کوششیں تیز کرنا ہوں گی، یہ تاریخ کا سب سے بڑا ڈی پورٹیشن پروگرام ہوگا۔
لاس اینجلس میں نیشنل گارڈ تعینات کرنے سے ہی وہاں مظاہرے پُرامن رہے، اگر ہمارے پاس نیشنل گارڈ تیار نہ ہوتی تو مظاہرین لاس اینجلس کو تباہ کر دیتے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاس اینجلس، شکاگو اور نیویارک ڈیموکریٹس کا مرکز ہیں اور ان علاقوں میں رہنے والے غیر قانونی افراد امریکی انتخابات پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکاروں کو مکمل اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اس اہم ترین مشن کو ہر ممکن طریقے سے پورا کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تارکینِ وطن ایک خاموش تباہی کی طرح ہماری سرزمین پر پھیل چکے ہیں اور ہم انہیں واپس بھیج کر اپنے ملک کو محفوظ بنائیں گے۔