اذان سمیع خان کا کہنا ہے کہ معاشرے کے دباؤ نے میری والدہ زیبا بختیار کو پوری طرح بدل دیا تھا۔
اذان سمیع خان ایک باصلاحیت موسیقار اور ابھرتے ہوئے اداکار ہیں، اپنی موسیقی کے ساتھ ساتھ اداکاری میں بھی خود کو منوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا تعلق ایک شاندار فنکار گھرانے سے ہے، ان کی والدہ زیبا بختیار ایک معروف اداکارہ جبکہ والد عدنان سمیع خان موسیقی کی دنیا کے بڑے نام ہیں۔
حال ہی میں وہ ایک پروگرام کے مہمان بنے، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، والدین کے تعلقات، والدہ کی قربانیوں اور باپ بننے کے تجربے سے متعلق بہت کھل کر گفتگو کی۔
اذان نے کہا کہ میری زندگی میں والدہ نے میرے والد کا کردار ادا کیا، میں نے ان کے ساتھ زندگی گزاری اور یہ سب کچھ ان کی شخصیت پر بہت اثر انداز ہوا، وہ ایک جذباتی اور حساس انسان تھیں، مگر وقت کے ساتھ وہ بہت غیر جذباتی ہوگئیں اور اس کی ایک بڑی وجہ معاشرے کا دباؤ اور اکیلے بچے کی پرورش تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں خود اپنے بچوں کے ساتھ بالکل مختلف رویہ رکھتا ہوں، میں ایک ایسا باپ ہوں جو اپنے بچوں سے محبت کا اظہار کرتا ہے، ان سے بات کرتا ہے اور ہر وقت جذبات کا اظہار کرتا ہے، میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے جانیں کہ وہ کتنے قیمتی ہیں۔
اذان سمیع خان نے اپنے والد عدنان سمیع خان سے تعلق پر بھی کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدین کا طلاق کا مرحلہ بہت تلخ تھا، مگر میری والدہ نے کبھی مجھے میرے والد سے دور نہیں کیا، ان کی یہی عظمت ہے کہ انہوں نے میرے دل میں کبھی نفرت نہیں آنے دی، آج میرا اپنے والد سے اچھا رشتہ ہے اور اس کا کریڈٹ صرف میری والدہ کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے حالات ایسے تھے کہ میں بہت غلط سمت میں جا سکتا تھا، لیکن اللّٰہ کا شکر ہے کہ میں آج یہاں ہوں، محفوظ ہوں اور ایک بہتر انسان بننے کی کوشش کر رہا ہوں، میری ماں نے ہر قدم پر میری رہنمائی کی۔