• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار: پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں دو ٹوک مؤقف

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو 

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے، سفیر کامران اختر نے ویانا میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے بورڈ آف گورنرز کے غیرمعمولی اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا جس میں ایران کی پُرامن ایٹمی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی گئی۔

پاکستان نے ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ 

سفیر کامران اختر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ کسی بھی ملک کو بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے طاقت کے غیر قانونی استعمال کی اجازت دینا ایک خطرناک نظیر قائم کرے گا جو عالمی برادری کے لیے دیرپا نتائج کا باعث بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نگرانی اور تصدیقی سرگرمیوں کی حمایت ہونی چاہیے نہ کہ انہیں سبوتاژ کیا جائے، پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی ایٹمی مسئلے کے حل کےلیے اقوامِ متحدہ اور IAEA کے تحت قائم کردہ فریم ورک اور میکنزم کا احترام کیا جانا چاہیے۔

یہ بیان ناصرف پاکستان کے اصولی مؤقف کی عکاسی کرتا ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کا ثبوت بھی ہے۔ 

سفیر کامران اختر نے اس بیان کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بھی جاری کیا جو بین الاقوامی سطح پر بھرپور توجہ حاصل کر رہا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید