• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں موساد اور امان کے مراکز پر میزائل حملہ

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے مرکز پر حملہ کردیا، جس کے بعد موساد کے مرکز میں آگ بھڑک اُٹھی ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد اور فوجی انٹیلیجنس ادارے امان کے مراکز کو براہ راست نشانہ بنایا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

وائرل ویڈیوز میں تل ابیب کے مضافاتی علاقے گلیلوٹ میں واقع امان لاجسٹک سینٹر جو  اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کمپلیکس کا حصہ ہے، ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں آگ کی لپیٹ میں آگیا۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر کردہ بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ ہم نے صیہونی افواج کے انٹیلیجنس مرکز امان اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے ادارے موساد کے مراکز پر حملہ کیا، جو اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج نے قریبی بس پارکنگ کو پہنچنے والے نقصان کو نمایاں کرکے حملوں کی نوعیت کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم، رپورٹس کے مطابق ایرانی میزائل نے براہ راست اسٹریٹجک مقامات جن میں امان لاجسٹک سہولت اور ہرزلیہ میں موساد کے ہیڈکوارٹر شامل ہیں، کو نشانہ بنایا ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید