• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے۔

شفقت علی خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ عالمی برادری کو جارح کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 21 مسلم ممالک نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کو مشترکہ اعلامیے میں مسترد کیا اور اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور یو این چارٹر کے خلاف قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ایران، ترکیے، مصر، یو اے ای اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور اسرائیلی اقدامات کو خطے اور خطے سے باہر خطرناک اثرات کا حامل قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے 14جون کو فلسطینیوں کو مہیا کی جانے والی امداد کے جائزہ اجلاس میں شرکت کی، اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کو فراہم کی جانے والی امداد میں توسیع پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے عید الاضحیٰ پر سری نگر جامع مسجد اور عیدگاہ میں نمازِ عید کی ادائیگی کو روکا، یہ مسلسل ساتویں مرتبہ ہے کہ سری نگر میں عید الاضحیٰ کی نماز سے روکا گیا، عید الاضحیٰ پر مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا قریبی دوست، ہمسایہ اور شراکت دار ہے، ایران میں رجیم چینج سے متعلق سوال افواہوں پر مبنی ہے، تہران میں سفارتخانہ اور مشہد اور زاہدان میں قونصل خانے پاکستانیوں کے انخلاء میں مدد کر رہے ہیں، 3000 پاکستانیوں کو ایران سے واپس لایا جاچکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید