• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے ایٹمی اثاثوں پر اسرائیل کے حملے جرم ہیں، وکٹر گاؤ

معروف چینی تھنک ٹینک کے سربراہ وکٹر گاؤ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے امن و استحکام کے لیے اسرائیل کا غیر مسلح ہونا ضروری ہے۔

عرب ٹی وی سے گفتگو میں وکٹر گاؤ نے کہا کہ اسرائیل کا خود ایٹمی ہتھیار بنانا اور دوسروں کو دھمکیاں دینا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ایران کے ایٹمی اثاثوں پر اسرائیل کے حملے جرم ہیں۔

وکٹر گاؤ نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران پر خود ساختہ جنگ مسلط کی، ایک آزاد ملک کی علاقائی سالمیت اور آزادی کی خلاف ورزی کی، اسرائیل ایران کے حکومتی اور فوجی اہل کاروں کو قتل کرکے جرم کا مرتکب ہوا ہے۔

سینٹر فارچائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کہ چین ہمیشہ ایران کی ایک آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے عزت کرتا ہے، چین ایران کی علاقائی سالمیت کا احترام اور برابری کے تعلقات رکھتا ہے، کوئی نہیں جانتا کہ کیا ایک روایتی جنگ نیو کلیئر جنگ میں تبدیل ہوجائے گی۔

ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کہ چین کے صدر اسرائیلی حملوں اور انسانی جانوں کے نقصان پر جائز طور پر پریشان ہیں، چینی صدر اس جنگ میں شدت کے حوالے سے بھی فکر مند ہیں، کوئی نہیں جانتا کہ ایران اسرائیل جنگ اب کدھر جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کسی ملک کی دوسرے پر یکطرفہ اور خود ساختہ پابندیاں تسلیم نہیں کرتا، چین ایران کے ایٹمی اثاثوں پر اسرائیلی حملوں پر افسوس کا اظہار کرتا ہے، چین ایران کے ایٹمی اثاثوں پر اسرائیلی حملوں کو جرم قرار دیتا ہے۔

ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کہ اسرائیلی حملے منافقت اور دوہرے معیار پر مبنی ہیں، اسرائیل نے خود جوہری ہتھیار بنائے جو عالمی کنونشن کے خلاف ہے،  اسرائیل نے خود جوہری ہتھیار بنائے لیکن الزام ایران پر لگا رہا ہے، اسرائیل کے اس دہرے معیار کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ  مشرق وسطیٰ کے امن و استحکام کیلئے اسرائیل کا جوہری لحاظ سے غیر مسلح ہونا ضروری ہے، اسرائیل نے جوہری ہتھیار ختم کیے تو خطے کے دیگر ممالک بھی ایسا ہی کریں گے، اسرائیل کا خود ایٹمی ہتھیار بنانا اور دوسروں کو دھمکیاں دینا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اسرائیل نے ایران پر سرپرائز جنگ اس وقت مسلط کی جب امریکا ایران سے مذاکرات کر رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید