ہم یہ بات تو ایک عرصہ سے ماحولیاتی ماہرین سے سُنتے آرہے ہیں کہ فضا میں نقصان دہ ذرات موجود ہوتے ہیں جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ انسانی صحت پر بھی منفی اثرات ڈالتے ہیں، تاہم یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ماحول دوست یا پائیدار گھر نہ صرف توانائی کی بچت کرتے ہیں بلکہ ایسے گھروں میں رہنا انسانی صحت اور بہبود پر بھی مثبت اثرات کا باعث بنتا ہے۔
’یوایس گرین بلڈنگ کونسل‘ امریکا میں پائیدار تعمیرات کے فروغ کے لیے کام کرنے والا ایک ادارہ ہے۔ ’لیڈرشپ اِن انرجی اینڈ انوائرنمنٹل ڈیزائن (LEED) سرٹیفیکیشن‘ اس ادارے کا اب تک کا سب سے نمایاں کارنامہ ہے، جو نہ صرف عمارتوں میں توانائی بچانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے بلکہ اس کے اثرات ان عمارتوں میں رہنے والے یا کام کرنے والے افرا د کی زندگیوں پر بھی دیکھے جارہے ہیں۔
کیلی فورنیا اور اس جیسی دیگر امریکی ریاستیں اپنی ریاست کی تعمیرات میں اس سرٹیفیکیشن کو بنیادی اہمیت دیتی ہیں۔ ’’پائیدار تعمیرات اور انسانی صحت کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے اور یہ ایک ایسا موضوع ہے جس پر گرین بلڈنگ کمیونٹی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہے‘‘، یوایس گرین بلڈنگ کونسل کی سینئر نائب صدر میلیسا بیکر کہتی ہیں۔ ’’ہم کئی برسوں سے اس بات کی وکالت کررہے ہیں کہ اچھی صحت کے لیے گرین پراڈکٹس خریدنا اور استعمال کرنا کتنا اہم ہے۔
گزشتہ سال ہم نے دیگر کئی پیغامات کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مٹیریل میں گرین پراڈکٹس کےاستعمال کو بہتر صحت کے طور پر استعمال کیا تو سب سے زیادہ توجہ اسی پیغام کو ملی۔ یقیناً، آپ کی (اور آپ کے خاندان کی صحت)صحت کے لیے گرین پراڈکٹس پر تھوڑے زائد پیسے خرچ کرنا منطق سے خالی نہیں ہے، یہ وجہ توانائی کے بل پر کچھ پیسے بچانے سے کہیں زیادہ اہم ہے‘‘۔
میلیسا بیکر کہتی ہیں کہ، لوگ اب اپنے گھر میں گرین پراڈکٹس کے استعمال اور اپنی صحت کے درمیان تعلق کو سمجھنے لگے ہیں اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ ’اِن ڈور ایئر کوالٹی‘ (IAQ)پر سرمایہ کاری کرنا ایک سودمند سودا ہے۔
گھر کے اند رفضا کو نقصان پہنچانے والے عناصر
کیلی کروزنجر کہتی ہیں کہ درج ذیل عناصر، اِن ڈور ایئر کوالٹی کو خراب کرنے اور انسانی صحت کو ممکنہ طور پر نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں:
* شاور کے پردوں اور وِنائل فلورنگ میں استعمال ہونے والے ایک ایسڈ کا نام Phthalates ہے۔ یہ ایسڈ انسانی اعصاب کی توانائی میں خلل ڈالنے کی ایک بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔
* لکڑی کے انجنیئرڈ پراڈکٹس جیسے پارٹیکل بورڈ، ایم ڈی ایف اور پلائے ووڈمیں Formaldehyde نامی ایک بے رنگ آتش گیر گیس پائی جاتی ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔
* فلورنگ اور لکڑی کے پراڈکٹس میں استعمال ہونے اور چپکنے والا مادہ نقصان دہ ’وولاٹائل آرگینک کمپاؤنڈز (VOCs)‘کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ کیا کہتا ہے؟
ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کا کہنا ہے کہ، باہر کی فضا کے مقابلے میں گھر کے اندر کی فضا میں آلودہ مادوں کی موجودگی دو سے پانچ گُنا زیادہ ہوتی ہے۔ اس کی کیا وجہ ہے؟ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے مطابق، سنتھیٹک بلڈنگ مٹیریلز، فرنشنگز، کیڑے مکوڑوں کو مارنے والی ادویہ اور گھر کی صفائی ستھرائی کے لیے استعمال ہونے والے کیمیکلز اس کی ایک بڑی وجہ ہیں۔
یقیناً، ہر انسان کو رہنے کے لیے ایک چھت چاہیے اور اس چھت کی تعمیر میں کوئی نہ کوئی تعمیراتی مواد استعمال ہونا ہے، یہ بات ہمارے اختیار سے باہر ہے۔ لیکن یہ بات ہمارے اختیار میں ضرور ہے کہ ہم اس گھر کی تعمیر میں کیا مواد استعمال کرتے ہیں۔
گھر کے اندر کی آلودہ فضا میں انسانی صحت کو کئی خطرات ہیں۔ تاہم آپ کو اپنے گھر کی فضا کو بہتر بنانے کے لیے فوری طور پر جو کام ضرور کرنے چاہئیں، ان میں پانی کے رساؤ سے ہونے والے نقصان کو فوری طور پر درست کرنا، ہوا کے لیے گزرگاہ بنانا اور نقصان دہ مادوں کو گھر سے دور رکھنا شامل ہے۔ یہ تین فوری کام کرکے گھر کی فضا کو کسی حد تک بہتر بنایا جاسکتا ہے اور یہ وہ کام ہیں، جو سب کے اختیار میں ہیں۔
کیلی کروزنجر، سند یافتہ LEED پروفیشنل، انٹیریئر ڈیزائنر او رانسٹرکٹر ہیں اور ڈیزائن انسٹی ٹیوٹ آف سان ڈیگر میں پڑھاتی ہیں۔ وہ پڑھاتی ہیں کہ نقصان دہ مادوں کو گھر سے کس طرح دور اور گھر کو ان سے محفوظ رکھا جائے، محفوظ اِن ڈور ایئر کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لیے عمارت کو کس طرح ڈیزائن کیا جائے، گھر میں پُرسکون نیند کو یقینی بنانے اور گھر میں مزاج اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کیا کیا جائے۔ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے اقدامات لوگوں کی زندگیوں کی بہتری اور تبدیلی کا باعث بن رہے ہیں‘‘، وہ کہتی ہیں۔
آپشنز کیا ہیں؟
اپنے ڈیزائن کے باعث لگژری وِنائل ٹائل کی مارکیٹ میں زبردست کھپت ہے۔ یہ دیکھنے میں زبردست لگتی ہے، پاؤں کے نیچے نرم محسوس ہوتی ہے اور اسے صاف اور بحال رکھنا آسان ہے۔ تاہم اس حوالے سے سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ اس کی تیاری میں phthalatesاستعمال ہوتا ہے۔ صارفین کو ٹائل اور دیگر تعمیراتی سامان خریدتے وقت phthalate-freeپراڈکٹس کا انتخاب کرنا چاہیے، تاکہ وہ خود کو نقصان دہ کیمیکلز سے محفوظ رکھ سکیں۔
خطرات کیا ہیں؟
آپ کے گھر کی فضا میں جب نقصان دہ مادے ڈیرا جما لیتے ہیں تو آپ گھر میں ہر وقت خود کو تھکے ہوئے، دماغ پر بوجھ، مسلز میں درد، انہضام اور سانس لینے کے نظام میں مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ مندرجہ بالا تعمیراتی چیزوں کے علاوہ، ماہرین میٹریس کے معیار اور بستر کو صاف رکھنے پر بھی زور دیتے ہیں۔
گھر کے اندر فضا میں موجود نقصان دہ مادوں سے حاملہ خواتین، شیرخوار بچے، نوعمر بچے، کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے اور الرجی اور استھما سے متاثرہ افراد کو صحت کے زیادہ خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔