ایران کے صوبے قم میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 22 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قم انٹیلی جنس پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ 13 جون سے اب تک اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 22 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے گئے یہ عناصر عوامی رائے کو منتشر کرنے اور جمہوریہ اسلامی ایران کے مقدس نظام کی ساکھ کو خراب اور تباہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایران کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک اور موساد جاسوس کو گرفتار کیا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ گرفتار جاسوس بذریعہ واٹس ایپ ایرانی فضائی دفاع کا ڈیٹا شیئر کر رہا تھا۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ جمعے کو حکام نے موساد کے ایک مشتبہ ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے جس نے مبینہ طور پر واٹس ایپ میسجنگ ایپ کے ذریعے ایران کی فضائی دفاعی تنصیبات کے بارے میں معلومات اسرائیل کو بھیجی تھیں۔