استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے دو روزہ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق او آئی سی کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں خطے کی خطرناک صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق او آئی سی نے علاقائی صورتِ حال پر وزارتی رابطہ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی وزارتی گروپ بین الاقوامی اور علاقائی فریقین کے ساتھ باقاعدہ رابطے قائم کرے گا، رابطے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت اور ایران کے خلاف جارحیت کو روکنے کے لیے ہوں گے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری اس جارحیت کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ بنائے۔
خبر ایجنسی کے مطابق او آئی سی کے اعلامیے میں ایران پر ہونے والے امریکی حملوں کا ذکر نہیں کیا گیا۔