اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی)پاکستان نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خطے میں مزید کشیدگی کے ممکنہ اضافے پر سخت تشویش ہے،ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا جائز حق حاصل ہے۔اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت کی وجہ سے کشیدگی اور تشدد میں غیر معمولی اضافہ انتہائی پریشان کن ہے،کشیدگی میں مزید اضافے کے خطے اور اس سے باہر کے لیے شدید نقصان دہ اثرات مرتب ہوں گے۔ترجمان نے کہا کہ ہم شہری جانوں اور املاک کا احترام کرنے اور تنازعات کو فوری طور پر ختم کرنے کی لازمی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔تمام فریقوں کو بین الاقوامی قانون،خاص طور پر بین الاقوامی انسانی قانون کی پابندی کرنی چاہیے۔