• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینس: جیف بیزوس اور لورین سانچز کی پرتعیش شادی کی تیاریاں عروج پر

وینس میں جیف بیزوس اور لورین سانچز کی پُرتعیش شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

 ایمیزون کے بانی جیف بیزوس اور سابق نیوز اینکر و پائلٹ لورین سانچز کی شادی اس ہفتے وینس میں منعقد ہونے جا رہی ہے، جسے انتہائی پُرتعیش شادی قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب کی مکمل تفصیلات راز میں رکھی گئی ہیں اور مہمانوں سے سخت این ڈی اے پر دستخط کروائے گئے ہیں۔ شادی میں 200 سے زائد مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، جس میں سیاسی رہنما، ہالی ووڈ اسٹارز اور عالمی بزنس ٹائیکونز شامل ہوں گے، مہمانوں کی فہرست میں کم کارڈیشین اور ایوانکا ٹرمپ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

شادی کے لیے وینس کی تاریخی عمارات اور عالی شان ہوٹلز جیسے مقامات زیر غور ہیں، تقریب کے لیے 30 واٹر ٹیکسیاں، ولاز اور شہر کے 9 یاٹ پورٹس پہلے سے ریزرو کیے جا چکے ہیں۔

بیزوس کا 500 ملین ڈالر کا یاٹ کروو اور سیکیورٹی یاٹ ایل ابیونا بھی بحیرہ ایڈریاٹک پہنچ چکے ہیں۔

تقریب کے لیے 80 فیصد سامان مقامی دکانداروں سے خریدا جا رہا ہے، بشمول وینس کی قدیم ترین پیسٹری شاپ روز سیلوا، جو 200 گفٹ بیگز تیار کر رہی ہے، مورانو گلاس کی خاص ڈیزائن کمپنی لگوانا بی بھی شادی کے لیے خصوصی تحائف تیار کر رہی ہے۔

تقریب کی آرائش و انتظامات کا ذمہ معروف ایونٹ پلانرز لانزا اینڈ باؤچینا  نے سنبھالا ہے، جنہوں نے ماضی میں جارج کلونی کی وینس میں شادی کو بھی آرگنائز کیا تھا۔

وینس میں ڈرونز پر پابندی عائد ہے، البتہ پرائیویٹ ہیلی کاپٹرز کو خصوصی اجازت دی گئی ہے، مظاہرین کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پلانرز نے متعدد مقامات ریزرو کیے ہیں تاکہ موسم یا احتجاج کی صورت میں فوری تبدیلی ممکن ہو۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید