• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

القسام بریگیڈز نے اسرائیلی بکتر بند گاڑی پر حملے کی ویڈیو جاری کردی، 7 اسرائیلی فوجی ہلاک

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا 

خان یونس میں حماس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی بکتربند کو دھماکاخیز مواد لگا کر اُڑا دیا، جس کے نتیجے میں 7 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیل نے حماس کے ہاتھوں گزشتہ روز فوجیوں کے مرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی شناخت بھی ظاہر کردی ہے، جبکہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی بکتر بند گاڑی پر حملے کی ویڈیو جاری کردی۔ 

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ القسام بریگیڈز کے مزاحمت کاروں نے غزہ کے علاقے خان یونس میں ایک مقام کی نشاندہی کی جہاں اسرائیلی ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں موجود تھیں۔

بعد ازاں ایک مزاحمت کار اسرائیلی بکتر بند گاڑی کی جانب بڑھا جس کا اوپری دروازہ کھلا ہوا تھا، مزاحمت کار نے بکتر بند گاڑی پر چڑھ کر بم بکتر بند گاڑی کے اندر پھینکا جس کے چند سیکنڈ بعد ہی دھماکے کی آواز سنائی دی۔


دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حماس کی جانب سے فوجی بکتربند گاڑی کو دھماکہ خیز ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا جس میں 7 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہلاک فوجیوں کا تعلق اسرائیل کی 605ویں کومبیٹ انجیئنرنگ بٹالین سے تھا، جن کی شناخت بھی ہوگئی ہے، مرنے والوں میں ایک لیفٹیننٹ بھی شامل ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق  مزاحمت کاروں کی جانب سے بکتربند کو دھماکا خیز ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا، جو پوری طرح تباہ ہوگئی، جبکہ اس میں موجود تمام اسرائیلی فوجی آگ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے زمینی کارروائیوں اور لڑائیوں کے دوران غزہ کے مزاحمت کاروں کے ہاتھوں 440 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، صبح سے اب تک مزید 40 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، امدادی مراکز پر بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں، مئی سے اب تک امدادی مراکز پر 500 سے زائد فلسطینی شہید کیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید