• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی حملوں سے ہماری جوہری تنصیبات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے، اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں سے ہماری جوہری تنصیبات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران کی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جب اسماعیل بقائی سے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر ہونے والے حملوں سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’جی ہاں، ہماری جوہری تنصیبات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے، یہ بات یقینی ہے کیونکہ ان پر بار بار حملے کیے گئے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تکنیکی مسئلہ ہے، مزید اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا،  ایرانی جوہری توانائی ایجنسی اور متعلقہ ادارے اس پر کام کر رہے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ نے عالمی جوہری ایجنسی سے تعاون معطل کیا، ختم نہیں کیا ہے، ایران جوہری توانائی حصول کے اپنے منصوبے کو جاری رکھے گا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کا پُرامن جوہری توانائی کا حق برقرار ہے، ایران کو جوہری ہتھیارعدم پھیلاؤ معاہدے کے تحت پُرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی استعمال کرنے کا حق ہے۔

اسماعیل بقائی نے یہ بھی کہا کہ  جوہری تنصیبات میں نقصانات عالمی برادری کے لیے ثانوی مسئلہ ہونا چاہیے، عالمی برادری کی اولین ترجیح امریکا کے ان غیر قانونی اقدامات کی مذمت ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  امریکی حملے بین الاقوامی قانون، سفارت کاری اور اخلاقیات پر کاری ضرب تھے، امریکی حملوں کی سنگینی کے بجائے ان کی مؤثریت پر بات کرنا بہت بری علامت ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید