امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کا ساتھ دینا ہوگا، 14 اگست کو یوم آزادی بھرپور طریقے سے منائیں گے جبکہ 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا ، مظفرآباد سے چکوٹھی تک مارچ بھی کیا جائے گا ۔
لاہور میں جماعت اسلامی نے ناصر باغ سے جی ٹی روڈ مناواں تک آزادی کشمیر مارچ کا اہتمام کیا ۔ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو کھلے دل سے کشمیری بھائیوں کا ساتھ دینا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ اور عوام حریت رہنما سید علی گیلانی کے ساتھ ہیں ، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔
آزادی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت فعال ہو گی تو کشمیر کمیٹی بھی فعال ہوگی ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی ہر پلیٹ فارم پر شدید مذمت کی جانی چاہئے۔