پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیضان شیخ نے ساتھی فنکار عدنان صدیقی کو بھارتی اداکار و میزبان سلمان خان سے بہتر قرار دے دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سلمان خان ایک لائن بھی ٹھیک سے نہیں بول پاتے۔
اداکار نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی و پڑوسی ملک کی شوبز انڈسٹری کے حوالے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، ہمیں کھیل اور شوبز کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔
پروگرام کے دوران انہوں نے عالمی شو ’بگ باس‘ کی طرز پر بننے والے پاکستانی شو ’تماشا گھر‘ کا موازنہ بھارت کے ریلیٹی شو ’بگ باس‘ سے بھی کیا۔
انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے تماشا گھر کے میزبان عدنان صدیقی کو بھارتی ریلیٹی شو ’بگ باس‘ کے میزبان سلمان خان سے بہتر قرار دے دیا۔
میزبان نے جب فیضان شیخ سے سوال پوچھا کہ عدنان صدیقی یا سلمان خان، کون بہتر میزبان ہے تو انہوں نے کہا کہ میں تو ہمیشہ اپنے ملک کو سپورٹ کروں گا۔
میزبان نے مزید وضاحت دیتے ہوئے اپنا سوال دہرایا کہ بعض اوقات ہم ملک نہیں ہنر دیکھتے ہیں کہ کو کتنا ٹیلنٹڈ ہے؟
میزبان کے سوال کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’اگر آپ ان دونوں کے ٹیلنٹ کی بات بھی کرتے ہیں تو عدنان صدیقی سلمان خان سے بہت بہتر میزبان ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’میں نے تو سُنا ہے کہ سلمان خان ایک لائن بھی مکمل نہیں بول پاتے انہیں ٹیلی پرامپٹر کی ضرورت پیش آتی ہے جبکہ عدنان صدیقی امپرووائز کرتے ہیں اور اسی وقت اپنے انداز میں بات کرتے ہیں، لہٰذا عدنان صدیقی بہتر ہوسٹ ہیں۔‘