انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ میں نئے قوانین متعارف کرا دیے
آئی سی سی نے کرکٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں کئی تبدیلیاں کر دیں۔ وائٹ بال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں اسٹاپ کلاک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سلو اوور ریٹ ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے، فیلڈنگ سائیڈ کو ٹیسٹ کرکٹ میں اوور کے اختتام پر دوسرا اوور ایک منٹ کے اندر شروع کروانا ہو گا، ایک منٹ میں اوور شروع نہ کرنے پر امپائر دو وارننگز دے گا، تیسری بار امپائر فیلڈنگ سائیڈ پر 5 رنز کی پنالٹی عائد کرے گا۔
اسٹاپ کلاک کا رول آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل پر لاگو ہو چکا ہے، جان بوجھ کر گیند پر سلائیوا کے استعمال پر گیند تبدیل نہیں کی جائے گی۔
سلائیوا کے استعمال کے بعد گیند کی ساخت میں تبدیلی پر امپائر بیٹنگ سائیڈ کو 5 رنز دے سکتا ہے، جان بوجھ کر شارٹ رن لینے پر بیٹنگ سائیڈ پر 5 پنالٹی رنز کے ساتھ اسٹرائیک کا فیصلہ بولنگ سائیڈ کرے گی، امپائر بولنگ سائیڈ سے مشورہ کرے گا کہ شارٹ رن کے بعد وہ کس بیٹر کو اسٹرائیک پر لینا چاہیں گے۔
آئی سی سی نے فیئرنس آف کیچ کے ریویو میں بھی تبدیلی کر دی، اگر امپائر کو کیچ پکڑنے پر شک ہو تو تھرڈ امپائر نو بال کے ساتھ کیچ کو بھی ریویو میں چیک کرے گا۔
تھرڈ امپائر پہلے نو بال چیک کرتا تھا اور نوبال کی صورت میں کیچ کا ریویو چھوڑ دیا جاتا تھا، نئے رول کے مطابق نو بال پر فیئر کیچ کی صورت میں بیٹنگ سائیڈ کو نوبال کا ایک رن ملے گا، فیئر کیچ نہ ہونے کی صورت میں بیٹنگ سائیڈ نے جتنے رنز لیے ہوں اُتنے ہی ملیں گے۔