کراچی(اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سلو اوور ریٹ پر دورانِ میچ ہی سزا کا قانون نافذ کردیا۔ ٹی ٹوئنٹی میچز کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کرتے ہوئے سلو اوور ریٹ کے جرمانے میں مزید سختی کردی ہے،کرکٹ کی گلوبل باڈی نے اس ماہ سے نئے قوانین کا اطلاق کردیا ہے۔ آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچز میں سلو اوور ریٹ والی ٹیم کو میچ کے دوران ہی سزا ملے گی۔ نئے قانون کے مطابق دونوں اننگز میں آخری اوور کی پہلی گیند مقررہ وقت کے اندر پھینکنا ضروری ہو گا، مقررہ وقت تک اوورز مکمل نہ ہونے پر دائرے سے باہر ایک فیلڈر کم ہو جائے گا۔آئندہ ہر ٹیم کو اننگز کے 85ویں منٹ کے آغاز پر 20واں اوور ہرحال میں شروع کرنا ہوگا۔ دوسری صورت میں وہ ایک فیلڈر سے محروم کردی جائیگی، فیلڈ امپائر ز کو فیلڈنگ سائیڈ کو یہ بات یہ دلانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ البتہ کھیل کے دوران آئوٹ ہونے، گیند کھوجانے یا اسی قسم کے دیگر واقعات میں ضائع ہونے والا وقت شامل شمار نہیں کیا جائے گا۔آئی سی سی کا کہنا ہےکہ سلو اوور ریٹ اور آپشنل پانی کے وقفے کی کنڈیشنز میں ردو بدل کیا گیا ہے جس کے تحت مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پنالٹی کو متعارف کرایا گیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی پنالٹی کے تحت سلو اووریٹ کے نتیجے میں فیلڈرز اننگز کے باقی اوورز میں 30 یارڈر کے دائرے کے اندر رہیں گے۔آئی سی سی گورننگ باڈی کی جانب سے اننگز کے دوران پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگز کے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کے لیے پانی کا اضافی وقفہ بھی لیا جاسکتا ہے۔باہمی ٹی 20 سیریز میں اس کو اختیاری کیا جارہا ہے۔دونوں بورڈز سیریز سے قبل اس کے بارے میں فیصلہ کریں گے کہ پانی کا وقفہ باقاعدہ ہونا چاہئے یا نہیں۔کب ہونا چاہئے اور کتنے وقت کے لئے ہو۔آئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی کے لیے نئے قوانین کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔