• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئرلینڈ مقبوضہ علاقوں میں قائم اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارت پر پابندی لگانے والا پہلا یورپی ملک بن گیا

آئرش وزیرِخارجہ و تجارت سیمون ہیرس—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
آئرش وزیرِخارجہ و تجارت سیمون ہیرس—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

آئرلینڈ مغربی کنارے پر آباد غیر قانونی یہودی بستیوں کی بنی مصنوعات اور تجارت پر پابندی لگانے والا پہلا ملک بن گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق آئرش وزیرِ خارجہ و تجارت سیمون ہیرس نے کہا ہے کہ آئرلینڈ نے 19 جولائی 2024 کو عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مغربی کنارے میں موجود اسرائیلی مقبوضہ بستیوں سے درآمدات پر پابندی لگائی جائے۔

سیمون ہیرس نے کہا ہے کہ فلسطین کی صورتحال پر عوام کو تشویش ہے، حکومت کا اس بات پر واضح مؤقف ہے کے فلسطین کی خطرناک صورتحال کے لیے جو کچھ کیا جاسکے کیا جائے تاکہ وہاں مستقل امن قائم کر کے دو ریاستی حل کو نافذ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں قائم اسرائیلی بستیاں غیر قانونی ہیں اور ان کی موجودگی سے دو ریاستی حل لاگو کرنے کے لیے مسائل پیش آرہے ہیں اور یہ پوزیشن یورپی یونین اور بین الاقوامی شراکت داروں کی بھی ہے، اور سب سے بڑھ کر عالمی قانون اس پر بالکل واضح ہے۔

آئرش حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جیسے ہی یہ قانون منظور ہوتا ہے تو آئرلینڈ کے کسٹم ایکٹ 2015ء کے مطابق مقبوضہ علاقوں سے کی گئیں درآمدات ایک سنگین جرم شمار ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید