امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کی ناکام محبت کی کہانی ابھی پرانی نہیں ہوئی کہ تیونس کی لڑکی کی کراچی میں لو اسٹوری کے افسوس ناک انجام کی نئی کہانی سامنے آ گئی۔
نارتھ افریقہ کے ملک تیونس کی رہائشی 19 سالہ سندا ایاری نے کراچی کے وومن تھانے پہنچ کر پناہ کی درخواست دی ہے۔
اس لڑکی کی اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیا آباد کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی، جنونی محبت میں مبتلا ہو کر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے لیے سندا پاکستانی ویزا حاصل کر کے 28 نومبر 2024ء کو کراچی پہنچ گئی۔
لڑکی کو عامر اور دیگر نے کراچی ایئر پورٹ سے ریسیو کیا، اگلے ہی دن عامر کے اہلِ خانہ نے ایک تقریب میں دونوں کی شادی کرا دی۔
نکاح نامہ 6 مارچ کو لیاری کی یونین کونسل بغدادی میں رجسٹرڈ ہوا۔
خاتون کے مطابق شادی کے بعد وہ خوش و خرم رہے، چند ماہ قبل دونوں میں معمولی باتوں پر تلخیاں پیدا ہونا شروع ہوئیں، جس کے بعد عامر نے اسے طلاق دے دی۔
لڑکی کے مطابق وہ اب اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے۔
ریکارڈ کے مطابق سندا کا پاکستان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری کو زائد المیعاد ہو چکا ہے، ویزے کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وہ واپس نہیں جا سکتی۔
ویزے کی تجدید کے لیے لگ بھگ 400 امریکی ڈالرز اور سوا دو لاکھ روپے سے زائد کے ہوائی ٹکٹ کے انتظام کا بھی لڑکی پر بوجھ ہے۔