• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیرا صرف گرمیوں میں ہی نہیں، بلکہ ہر موسم میں دسترخوان کی شان بڑھاتا ہے اور سلاد میں نظر آتا ہے۔ چونکہ کھیرا ڈی ہائڈریشن کیلئے بہت فائدہ مند ہے اس لیے گرم موسم میں اس کی اہمیت اور طلب اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ 

وزن کم کرنے میں سرگرداں افراد کیلئےکھیرے، ہیرے سے کم نہیں ہوتے ، اسی لئے ڈی ٹوکس واٹر میں بھی کھیرا لازمی شامل ہوتا ہے۔ کھیرے سےوابستہ ڈائٹ یعنی کوکمبر ڈائٹ کے آج کل بڑے چرچے ہیں تو آئیں اس کے بارے میں کچھ جانتے ہیں۔

کوکمبر ڈائٹ

کوکمبر ڈائٹ ایک مختصر مدت کی ڈائٹ ہے، اور یہ وزن میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس کےعلاوہ بھی کئی اقسام کی ڈائٹ لوگ اپناتے ہیں، لیکن کوکمبر ڈائٹ اپنانے والے زیادہ تر افراد کا کہناہے کہ آپ اس سے 7 دن میں 7 کلو وزن کم کرسکتے ہیں۔ کھیرا چونکہ ایک صحت بخش غذا ہے، اسی لیئے ڈائٹ کے حوالے سے اس کے اثرات آپ کو حیران کرسکتے ہیں۔

یہ ڈائٹ کھیرے اور چند پروٹین والی غذاؤں جیسے کہ انڈوں، چکن ، مچھلی اور خشک میوہ جات پر مشتمل ہوتی ہے۔ یعنی آپ کے کھانوں کا متبادل کھیرے بن جاتے ہیں اور دیگر پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کم سے کم ہو جاتاہے۔ اس ڈائٹ میں چونکہ اتنی زیادہ ورائٹی نہیں ہوتی اس لئے اس ڈائٹ کو 14 دن تک اپنانے کا مشورہ نہیں دیا جاتا۔

اس ڈائٹ کے معیاری اصول نہیں ہیں، سوائے اس کے کہ زیادہ تر کھانوں کے ساتھ کھیرے کھائے جائیں۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ کھیروں میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں ، اس لئے یہ جتنے بھی کھالئے جائیں کیلوریز نہیں بڑھتیں۔ کیلوریز کے علاوہ کھیرے میں پروٹین بھی نہیں ہوتا، جو ایسا غذائی جزو ہے جو آپ کی جِلد، مسلزاور جوڑوں کی صحت کو برقرار رکھتا ہے۔ 

اسی لئے ماہرین کھیرے کو پروٹین والی غذاؤں کے ساتھ استعمال کرنے پر زور دیتے ہیں۔ مزید آپ کو اس ڈائٹ میں کاربوہائڈریٹ والی غذائیں جیسے ٹوسٹ، براؤن رائس یا آلو کھانے کی بھی اجازت ہوتی ہے۔

ذیل میں آپ کو ان غذاؤں کے نام دیے جارہے ہیں، جو کوکمبر ڈائٹ میں آپ استعمال کرسکتے ہیں:

سبزیاں: کھیرے، ٹماٹر، پالک، کیجری یا کم مقدار میں دیگر سبزیاں 

پروٹین: چکن، روکھا گوشت، مچھلی ، انڈے ، دہی ، پنیر

کاربو ہائڈریٹ: براؤن رائس، آلو، بغیر چھنے آٹے کی روٹی

چکنائی: آلیو آئل

ایک دن میں کوکمبر ڈائٹ اپنانے کی مثال:

ناشتہ: دو انڈے، کھیرے کےساتھ

اسنیک: دو کھیرے

لنچ: دہی اور لیمن جوس کے ساتھ کھیرے کی سلاد

اسنیک: دو کھیرے

ڈنر: روسٹڈ چکن اور کھیرے، سائڈ میں براؤن رائس

کھیرے کے فوائد

کھیرے کے فوائد سے ہم سبھی آشنا ہیں، نہ بھی ہوں تو کھیر ا ایسی چیز ہے کہ اس کی طرف ہاتھ بڑھ ہی جاتا ہے اور لوگ کھانے سے پہلے اسے کھانے لگتے ہیں۔ کھیرے کے فوائد درج ذیل ہیں۔

* کھیرے کا استعمال جوڑوں کے درد سے نجات دلانے میں مدد کرتا ہے۔

* اگر کسی کے جسم میں کولیسٹرول زیادہ ہے تو اسے چاہئے فوری طور پر کھیرے کو اپنی خوراک کا حصہ بنائے۔ اس سے کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

* اگر آپ موٹاپے کا شکارہیں تو ڈائٹنگ اور ورزش کے ساتھ کھیرے کو بھی اپنی خوراک میں شامل کریں۔ کھیرا آپ کے موٹاپے میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

* کھیرا نظام ہاضمہ بہتر کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لئے اسے اپنی روزانہ کی خوراک کا حصہ ضرور بنائیں۔

* اگر آپ کے سر میں درد رہتا ہے تو پریشان مت ہوں، اور مہنگی ادویات کے بجائے کھیرے کا استعمال شروع کردیں۔ اس سے آپ کے سر کاد رد دور ہوجائے گا۔

* کھیرا کینسر جیسے امراض سے بھی دور رکھنے میں آپ کی مدد کرتاہے۔

* کھیرے میں 95 فیصد پانی ہوتا ہے، اسی لئے یہ ہمارے جسم میں پانی کی مقدار کم ہونے سے بچاتا ہے۔ کھیرا نمکیات کی کمی کو دور کرتا ہے۔ ڈی ہائڈریشن سے بچنے کیلئےکھیرا ا ستعمال کرنے سے پانی کی کمی دور ہوجاتی ہے۔

* خواتین کھیرے کےاستعمال سے اپنی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتی ہیں، کیونکہ کھیرا اپنی غذا میں شامل کرنے سے آپ کی جِلد ملائم اور بال چمک دار ہوجاتے ہیں۔ کھیرے کے استعمال سے جِلد کی خوبصورتی برقرار رہتی ہے اور کھیرے کے قتلے بنا کر آنکھوں پر رکھے جائیں تو اس سے آنکھوں کی سوجن اور ان کے گرد بننے والے سیاہ حلقے بھی ختم ہونے لگتے ہیں۔

* کھیرے ذیابطیس کے مریضوں کیلئے ایک عمدہ غذا ہیں، کیونکہ ان سے ذیابطیس کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

* بلڈ پریشر کنٹرول کرنےمیں بھی کھیرا اہم کردار ادا کرتا ہے۔

* کھیرا گردے کی صفائی بھی کرتا ہے اور انسانی جسم کو اضافی یورک ایسڈ سے بھی بچاتا ہے۔

* اپنی نمی والی خاصیت کی بنا پر کھیرا معدے کے السر کے علاج میں بھی فائدہ مند ہے، خاص طو رپر جب کھیرے کا پانی استعمال کیا جائے۔

صحت سے مزید