• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں معاشی استحکام اور بہتری کیلئے جاری حکومتی کوششوں میں کامیابی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مسلسل بلندی کی جانب گامزن رہنے سے واضح ہے۔ منگل کو یعنی نئے مالی سال کے پہلے ہی دن بازارِ حصص میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 2572پوائنٹس یا دوفیصد کے نمایاں اضافے سے اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 28 ہزار199 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ بدھ کو تادم تحریر پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے۔اس کے نتیجے میں ملک کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی بار پونے دس بجے صبح کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1156 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 29 ہزار 355 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔تمام اہم شعبوں میں وسیع پیمانے پر خریداری دیکھنے میں آئی، جن میں گاڑیاں اسمبل کرنیوالی کمپنیاں، تیل و گیس کی تلاش سے وابستہ ادارے، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی پیدا کرنے کے ادارے اور ریفائنری کا شعبہ شامل ہیں۔ انڈیکس میں نمایاں حیثیت رکھنے والے اسٹاکس، جیسے پی آر ایل، حبکو، پی ایس او، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل اور پی او ایل مثبت زون میں رہے۔ ماہرین کے مطابق قومی معیشت کی ترقی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی خوش امیدی کے بنیادی اسباب میں معاشی اور سیاسی استحکام،مہنگائی پر کنٹرول، روپے کی قدر میں بہتری ، زرمبادلہ کی ذخائر میں اضافہ اور آئندہ دنوں میں مانیٹری پالیسی میں نرمی یعنی شرح سود میں مزید کمی کے روشن امکانات ہیں۔ پاکستانی بازار حصص کی یہ سرگرمی اس امرکے باوجود ہے کہ بدھ کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھنے میں آئی اور امریکی ڈالر تین سال کی کم ترین سطح کے قریب رہا۔ تاہم معاشی بہتری کے فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے کے لیے زیادہ سے نئی صنعتوں کا قیام اور پیداوار و برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ناگزیر ہے تاکہ ملک کی حقیقی آمدنی بڑھے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

تازہ ترین