سکھر(بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنی کابینہ کے ہمراہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ سکھر ایئرپورٹ پہنچے ، ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ کا کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیروز شاہ، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ سمیت دیگر بالا افسران نے استقبال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، جام مہتاب حسین ڈہر، سہیل انور سیال،سعید غنی اور محکمہ اطلاعات کے مشیر مولا بخش چانڈیو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گڑھی خدا بخش روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر انتظامیہ اور پولیس افسران سے سکھر ڈویژن میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاخاص طور پر امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر ڈویژن خاص طور پر سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں امن وامان کی بہتر صورتحال پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایات دیں کہ حکومت کی اولین ترجیح امن وامان کی فضا کو بحال رکھنا اور عوام کی جان ومال کا تحفظ ہے، پولیس احسن انداز میں اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے جرائم کی سرکوبی اور قیام امن کو یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ کی سکھر آمد کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے ، پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔