• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخدوش عمارتوں کے متاثرین کو متبادل رہائش دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے: کھیئل داس کوہستانی

فوٹو بشکریہ فیس بُک
فوٹو بشکریہ فیس بُک

وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور، کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ اگر کوئی عمارت مخدوش ہے تو متاثرین کو متبادل رہائش دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

لیاری بغدادی میں عمارت کو پیش آنے والے حادثے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ عمارت خالی کرنا صرف وہاں رہنے والے رہائشیوں کی ذمہ داری نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماری ترجیح ملبے تلے دبے لوگوں کو بحفاظت نکالنا ہے، حادثے پر کسی قسم کی سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

کھیئل داس کوہستانی نے یہ بھی کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک سانحہ ہے، امدادی کارروائیوں سے متاثرین مطمئن ہیں، حکومتوں کو اپنی ذمہ داری اداکرنی چاہیے۔ 

یاد رہے کہ کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں گرنے والی پانچ منزلہ عمارت کو تین سال پہلے مخدوش قرار دیا گیا تھا مگر نہ تو مکینوں نے عمارت چھوڑی اور نہ ہی انتظامیہ نے ایکشن لیا۔

گزشتہ روز کی صبح ڈھائی سو گز کے پلاٹ پر قائم جو عمارت گری اُس پر قانونی طور پر گراؤنڈ پلس ٹو کی اجازت تھی مگر غیرقانونی طور پر پانچ منزلیں کھڑی کی گئی تھیں جبکہ ہر فلور پر تین پورشن بنائے گئے تھے۔

اس سے متعلق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیرِ بلدیات سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ مکینوں کو کئی بار نوٹس بھیجے گئے تھے جبکہ متاثرین اور علاقہ مکینوں نے دعوے کی تردید کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید