نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔
ملک بھر میں شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جارہے ہیں، اس موقع پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر گامزن ہیں جبکہ اس دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں جلوس کے راستوں اور پشاور میں موبائل فون سروس بند ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی بھی شکایات ہیں۔
کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے، مرکزی جلوس میں 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔