• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لئے جانے یا آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے سے متعلق افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیرغور ہے۔ ’’ دی نیوز ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زور دے کر کہا کہ صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وہ خود، تینوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم کی اس وضاحت سے ایک روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی آفیشل ایکس ( سابق ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کیخلاف چلائی جانے والی مہم کو منظم سازش قرار دے چکے ہیں۔ 22اپریل کو پہلگام میں رونما ہونیوالے واقعے کے فوری بعد پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتے اور بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے بھارتی حکمرانوں نے6 اور 7مئی کی درمیانی رات فل اسکیل جنگ شروع کرکے جو ہزیمت اٹھائی اسے دنیا نے دیکھا اور محسوس کیا۔ 10مئی کوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنی ثالثی میں جنگ بندی کرانے کے اعلان کے بعد اگرچہ سیز فائر پر عمل درآمد ہوتا نظر آرہا ہے مگر نئی دہلی حکومت کی فطرت سے واقفیت رکھنے والوں کے اندازوں کے عین مطابق ایک طرف پاکستان میں دہشت گردی کیلئے بھارتی پراکسیز سرگرم نظر آرہی ہیں دوسری جانب دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہزاروں جعلی بھارتی ویب سائٹس پاکستان کو نقصان پہنچانے اور مختلف النوع افواہیں پھیلانے کیلئے متحرک ہیں۔ پاکستانی افواج، حکومت اور عوام بھارت کے ان ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ومستعد ہیں۔ کیا ہی اچھا ہو کہ بھارتی قیادت مذاکرات کی میز پر آکر مسائل حل کرنے کی طرف بڑھے تاکہ خطے میں امن وترقی کی راہ ہموار ہو۔

تازہ ترین