وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو ضرور پاکستان آنا چاہیے، ان کے بچے سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو اجازت ہونی چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں نے انتشار کی سیاست کی تو اس کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس جتنا مینڈیٹ ہے اسے کام کرنے دینا چاہیے، علی امین گنڈاپور خود اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں، متحدہ اگر اب بھی مثبت سیاست کرے تو کچھ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے زیادہ تر علاقوں سے پانی نکالا جا چکا ہے، حیسکو نااہل ادارہ ہے، اس وجہ سے پانی بروقت نہ نکالا جاسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی میں ہم ای وی بسیں لا رہے ہیں، اگست میں ہم ڈبل ڈیکر بسیں لانا چاہتے ہیں، اگست کے دوسرے ہفتے میں پنک ای وی اسکوٹر خواتین کو مفت دینے جا رہے ہیں، کوشش ہے کہ اگست ستمبر میں مزید ای وی بسیں آجائیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ کچرا تھا، اب کراچی سے روزانہ کچرا اٹھ رہا ہے، لیاری میں گرنے والی عمارت غیر قانونی طور پر بنی ہوئی تھی۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین موجود ہیں جو بلڈنگ گری اس کا نقشہ منظور نہیں تھا، عمارت گرنے کے واقعے کی انکوائری کے لیے کمیٹی بنائی، کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔