• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی زمینوں کا تیزی سے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنے کا سلسلہ تشویشناک ہے، احسن اقبال


وفاقی وزیر  برائے منصوبہ بندی احسن اقبال : فائل فوٹو
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال : فائل فوٹو 

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ زرعی زمینوں کا تیزی سے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنے کا سلسلہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آنے والی نسل کو خوراک مل سکے گی؟ فوڈ سیکیورٹی شدید خطرے میں ہے۔

احسن اقبال کی زیر صدارت زرعی زمین کو رہائشی سوسائٹیز میں تبدیل کرنے سے متعلق کمیٹی اجلاس ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی اداروں کے اعلیٰ افسران، سی ڈی اے اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندے شریک تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں زرعی زمینوں کی تیزی سے کمی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے، اسلام آباد میں فوری طور پر عمودی تعمیرات کی طرف آغاز کیا جائے، درختوں کی کٹائی پر سخت قوانین کی ضرورت ہے، ماحول بچانا سب کی ذمہ داری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 20 سال میں کتنی زرعی زمین رہائشی اسکیموں کی نذر ہوئی؟ صوبائی حکومتیں ڈیٹا اکٹھا کریں، اربن پلاننگ کے بغیر پھیلتے شہروں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان بحران پیدا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی زمین کے بے دریغ استعمال سے ہم اپنی خوراک کا مستقبل بیچ رہے ہیں، پاکستان میں ماحولیاتی توازن بگڑنے لگا ہے، ہاؤسنگ کی لالچ زرعی زمین نگل رہی ہے، قانون سازی اور نیشنل فریم ورک کے بغیر اربن ڈیویلپمنٹ ناگزیر ہے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر زرعی زمینوں کے تحفظ کیلئے  پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید